ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارک میں 7؍ سالہ لڑکے کی ہلاکت ، بی بی ایم پی میں بحث چیف انجینئر کی قیادت میں واقعہ کی جانچ کرانے کی مانگ

پارک میں 7؍ سالہ لڑکے کی ہلاکت ، بی بی ایم پی میں بحث چیف انجینئر کی قیادت میں واقعہ کی جانچ کرانے کی مانگ

Thu, 28 Feb 2019 14:33:28    S.O. News Service

بنگلورو28فروری(ایس او نیوز) شہر کے بانسواڈی وارڈ کے ڈاکٹر راج کمار پارک میں ادے کمار نامی لڑکا بجلی کے تار پر پیر رکھنے سے فوت ہوگیا تھا ۔ اس واقعہ کے تعلق سے بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے ( بی بی ایم پی ) کونسل اجلاس کے دوران بحث ہوئی ۔ بی بی ایم پی میں بر سر اقتدار پارٹی کے لیڈر عبدالواجد نے مےئر گنگامبیکے ملیکارجن سے مانگ کی کہ اس واقعہ کی جانچ چیف انجینئر کی قیادت میں کرائی جائے۔حالانکہ لڑکے کی موت کیلئے بی بی ایم پی ،بنگلور ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( بی ڈی اے) بیسکام اداروں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ۔اس کے باوجود اس معاملہ کی جانچ کروا کرخاطی افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی اجلاس کے دوران مانگ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اکثر پارکوں اورسڑک کے کنارے کے درختوں سے پتے گرتے ہیں ،جس سے آتشزنی کے واقعات رونما ہونے کے خدشات بڑھ جائے ہیں اور لوگوں کو جانی ومالی خطرات لاحق ہوتے ہیں ۔ اس لئے بی بی ایم پی کو پتوں کی صفائی کے اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ہبال فلائی اوور پر اشتہارات کے ہورڈنگس لگانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ لیکن شہر اور اس کی مضافات میں اشتہارات کے ہورڈنگس لگانے پر پابندی ہے۔ اس کے باوجود بی ڈی اے نے اشتہاری ہورڈنگس لگا رکھے ہیں ۔ انہیں منظوری کس لئے دی گئی۔مےئراس کی وضاحت پیش کریں۔اس دوران بانسواڈی وارڈ کے کارپوریٹر کو دنڈارام ریڈی نے کہا کہ پارک میں لڑکے کی موت کی خبر سن کر جب مےئر پارک کے معائنہ کیلئے آئیں تو انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ۔ اس پرمےئر نے کہا کہ ان کے معائنہ سے قبل انہوں نے افسروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ مقامی رکن اسمبلی اور کارپوریٹر کو بھی اطلاع دیں ۔ اس پر بی بی ایم پی میں اپوزیشن پارٹی لیڈر پدما نابھا ریڈی نے کھڑے ہوکر کہا کہ کودنڈا رام ریڈی ایک سینئر کارپوریٹر ہیں۔ خود معائنہ کیلئے پہنچ جاتے تو اچھی بات ہوتی ۔ ریڈی نے لاپرواہ افسر کومعطل کرنے کی مانگ کی۔ریڈی کی اس بات پر جوائنٹ کمشنر نے وضاحت کی کہ اگلے مرتبہ اس طرح کی شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔ اس دوران مےئر نے مقامی کارپوریٹر کو اطلاع نہ دینے والے بی بی ایم پی شعبہ باغبانی کے انجینئر کے نام نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ۔ سینئر کانگریس کارپوریٹر ایم کے گنا شیکھر نے کہا کہ شہرمیں500سے زائد پارکس ہیں ۔ ان کے وارڈ سمیت شہر کے دیگر وارڈوں کے پارکوں میں کئی جگہوں پر بجلی کے تار دکھائی دیتے ہیں۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ کنٹراکٹروں کی میعاد کے تعلق سے جانچ کروائی جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ کیاکنٹراکٹر وں کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ کن کن پارکس میں بجلی کی تاریں نیچے پڑی ہوئی ہیں۔ اس کا مکمل سروے کروانے کی بھی گنا شیکھر نے مانگ کی۔کونسل اجلاس کے شروع ہی میں پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کا جواب دینے والے فوجی جوانوں کی کارروائی پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر پدما نابھا ریڈی نے اجلاس کے شروع میں اس معاملہ پر فوجی جوانوں کی ستائش کی ۔ اس دوران بی جے پی کے تمام کارپوریٹر جئے جوان ، جئے کسان کے نعرے لگائے۔ عبدالواجد نے کہا کہ ملک کے فوجی جوانوں نے 350دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے ۔ اس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہیں ۔ اس پر وہ فوجیوں کو سلام کرتے ہیں۔


Share: